اسلام آباد سے اغوا ہونے والا نوجوان قتل ، لاش صوابی سے ملی
فرخ افضل کو نامعلوم افراد رات گئے ان کے گھر کے باہر سے زبردستی گاڑی میں ڈال کر لے گئے تھے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت سے گزشتہ روز اغواء ہونے والے نوجوان کو قتل کر دیا گیا جس کی لاش صوابی سے برآمد ہوئی۔
اسلام آباد کے سیکٹر ایف سکس میں گھر کے باہر سے مبینہ طور پر اغوا ہونے والے نوجوان فرخ افضل کی لاش صوابی سے برآمد ہونے کی اطلاع ملی ہے، جس پر اہلخانہ میں کہرام مچ گیا۔
اہلخانہ کے مطابق فرخ افضل جو اپنے والدین کے اکلوتے بیٹے تھے، کو نامعلوم افراد نے رات گئے ان کے گھر کے باہر سے زبردستی گاڑی میں ڈال کر اغوا کر لیا۔ واقعے کے وقت گلی میں موجود سکیورٹی گارڈ کی جانب سے مزاحمت کی گئی جس پر مبینہ اغوا کاروں نے فائرنگ بھی کی۔
مقتول کے والد کا کہنا ہے کہ فائرنگ اور شور کی آواز سن کر جب وہ اور دیگر اہلِ محلہ باہر نکلے تو انہوں نے اپنے بیٹے کو بچانے کی کوشش کی، تاہم ملزمان اسلحے کے زور پر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
اہلخانہ کے مطابق واقعے کے فوراً بعد ون فائیو پر کال کر کے اسلام آباد پولیس کو اطلاع دے دی گئی تھی۔بعد ازاں پولیس کی جانب سے اطلاع دی گئی کہ نوجوان کی لاش ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال صوابی میں منتقل کر دی گئی ہے۔
اہلخانہ کا دعویٰ ہے کہ لاش پر تشدد کے واضح نشانات موجود ہیں۔ذرائع کے مطابق تھانہ کوہسار کی پولیس اور مقتول کے والد لاش وصول کرنے کے لیے صوابی روانہ ہو گئے ہیں، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔