کیا وائرل آئی بی اے گریجویٹ اظہر میمن کو پی ٹی وی کراچی میں نوکری مل گئی؟
سوشل میڈیاذرائع کے مطابق ،انہیں بطور ریسرچر جاب لیٹر دیا گیا ہے
تصویر: سوشل میڈیا
بے روزگاری اور مالی مشکلات کا شکار آئی بی اے کراچی کے تعلیم یافتہ نوجوان اظہر میمن کو وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑکی مداخلت کے بعد پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کراچی سنٹر میںگریڈ16 کی نوکری دے دی گئی ہے۔
اظہر میمن کی ایک وائرل ویڈیو میں اپنے ماضی کی جدوجہد، مالی مشکلات اور بے روزگاری کی داستان نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا تھا۔ وزیر عطاء تارڑ نے ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر انہیں اسلام آباد بلایا، جذباتی ملاقات کی اور مناسب روزگار فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
میڈیارپورٹ کے مطابق ،ملاقات کے چند دن بعد پی ٹی وی کراچی سنٹر نے اظہر میمن کو آفیشل اپائنٹمنٹ لیٹر جاری کر دیا۔ تقررنامہ لینے کے موقع پر اظہر میمن پی ٹی وی کراچی کے پروڈکشن آفیسرآصف مقصودسے مصافحہ کرتے اور دستاویز وصول کرتے نظر آ رہے ہیں۔
سوشل میڈیاذرائع کے مطابق ،اظہر میمن کو پی ٹی وی کراچی میں بطور ریسرچر جاب لیٹر دیا گیا ہے،ان کی ویڈیو بنانے والے انفلوئنسر کو بھی بطور ڈیجیٹل کوآرڈینیٹر نوکری دے دی گئی۔تاہم اس حوالے سے سرکاری طورپر کوئی خبر جاری نہیں کی گئی۔البتہ جاب لیٹر وصول کرنے کی تصویر سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے۔