خوارج سہولت کار کی گرفتاری کے لیے کارروائی پر پی ٹی ایم کارکنان کی مزاحمت

واقعہ مہمندمیں پیش آیا۔ پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر ہنگامہ آرائی کرنے والوں کو منتشر کردیا

May 9, 2026 · اہم خبریں, قومی

 

ضلع مہمند کے گاؤں حلیم زئی نا صافی میں پولیس، سی ٹی ڈی اور سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر خوارج کی سہولت کاری میں ملوث ایک شخص ، احمد شیر ولد نور شیر، کو گرفتار کرنے کے لیے کارروائی کی۔

سہولت کار کے ساتھیوں اور پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کارکنان نے گرفتاری روکنے کے لیے ڈنڈوں اور پتھروں کے ساتھ مزاحمت کی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ہنگامہ آرائی کرنے والوں کو منتشر کر دیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہناہے کہ اس قسم کی حرکتیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ خوارج اور ان کے سہولت کاروں کو چن چن کر نشانہ بنایا جائے گا۔

سیکیورٹی حکام نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان اور آپریشن عزمِ استحکام کے تحت خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے۔خوارج اور ان کے سہولت کاروں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا، اور ان کے مکمل خاتمے تک یہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔