بنوں کی چوکی فتح خیل پر حملے میں 5 پولیس اہلکار شہید

دہشت گردوں کی جانب سے بارودی مواد سے لیس گاڑی پولیس کی چوکی سے ٹکرائی گئی

May 10, 2026 · قومی

صوبہ خیبر پختونخوا کی پولیس کے مطابق بنوں کی چوکی فتح خیل پر شدت پسندوں کے حملے میں کم از کم 5 پولیس اہلکار شہید ہوئے ہیں۔

بنوں کے رینجل پولیس آفسر سجاد خان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حملے میں زخمی ہونے والے دو اہلکاروں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بنوں منتقل کر دیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس کی اضافی نفری موقع پر پہنچ گئی ہے۔ پولیس کے مطابق علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور ریسکیو و سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔

اس سے قبل غیر خبر رساں ادارے کے مطابق بنوں کے رینجل پولیس آفسر سجاد خان نے تین شہادتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہاں ڈیوٹی پر 15 اہلکار تعینات تھے اور مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نقصان کا تعین آپریشن ختم ہونے کے بعد کیا جا سکے گا۔

 ایک پولیس اہلکار نے بتایا ہے کہ دہشت گردوں کی جانب سے بارودی مواد سے لیس گاڑی پولیس کی چوکی سے ٹکرائی گئی اور انھوں نے عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے پولیس پر فائرنگ کی۔