بنوں میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کے حملے میں شہید اہلکاروں کی تعداد15ہوگئی

لاشوں اور زخمیوں کر فوری طور پر بنوں کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

May 10, 2026 · قومی

ضلع بنوں میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی تعداد 15 تک پہنچ گئی ہے۔

میڈیکل اینڈ ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ بنوں کے ترجمان نعمان خان نے تصدیق کی ہے کہ فتح خیل چوکی پر حملے میں شہد ہونے والوں کی تعداد 15 ہو گئی ہے۔

ان کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام افراد پولیس اہلکار ہیں۔

اس کے علاوہ تین زخمیوں کو بھی ہسپتال لایا گیا تھا جن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

بنوں کے رینجل پولیس افسر سجاد خان کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فتح خیل چوکی کی عمارت کے ملبے سے 12 پولیس اہلکاروں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ تین اہلکاروں کو زندہ ملبے سے نکال لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کر فوری طور پر بنوں کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور ریسکیو و سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔

اس سے قبل غیر ملکی خبر رساں ادارے  نے ایک پولیس اہلکار کے حوالے سے بتایا تھا کہ شدت پسندوں کی جانب سے بارودی مواد سے لیس گاڑی پولیس کی چوکی سے ٹکرائی گئی تھی۔

بنوں کے رینجل پولیس آفسر سجاد خان نے بتایا تھا کہ حملے کے وقت چوکی میں 15 اہلکار ڈیوٹی پر موجود تھے۔