61 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین حجازِ مقدس پہنچ گئے

مدینہ منورہ کے لیے اب تک مجموعی طور پر 141 پروازیں آپریٹ کی جا چکی ہیں

May 11, 2026 · قومی

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 4,875 پاکستانی عازمینِ حج سعودی عرب پہنچے ہیں جس کے بعد وہاں موجود پاکستانی حجاج کی مجموعی تعداد 61,147 ہو گئی ہے جو کہ مجموعی کوٹے کا 51 فیصد ہے۔

ضیوف الرحمان کی خدمت اور دیکھ بھال کے لیے اب تک 1,288 اہلکار حجازِ مقدس پہنچ کر اپنی ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں، جن میں حجاج کی رہنمائی کے لیے 792 معاونین اور بہترین طبی امداد کے لیے میڈیکل مشن کے 294 ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل اسٹاف شامل ہے ۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق اس وقت مکہ مکرمہ میں موجود پاکستانی حجاج کی تعداد 49,495 سے تجاوز کر کے 56,408 تک پہنچ چکی ہے، جو مدینہ منورہ میں حاضری کے بعد مکہ مکرمہ کی جانب منتقلی کے عمل میں تیزی کی عکاسی کرتی ہے ۔

اسی طرح جدہ ایئرپورٹ پر اب تک اترنے والی 103 پروازوں سے مجموعی طور پر 25,931 عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں ، جبکہ مدینہ منورہ کے لیے اب تک مجموعی طور پر 141 پروازیں آپریٹ کی جا چکی ہیں ۔