جنڈ میں ریلوے ملازم نے خودکش بمبار کو دبوچ لیا، دھماکے سے شہید
لیاقت نے اپنی جان دے کر کئی زندگیاں بچا لیں، اعتزاز حسن جیسا ایک اور واقعہ
لیاقت کی ایک یادگار تصویر
پنجاب کے ضلع اٹک کی تحصیل جنڈ میں خوشحال گڑھ کے قریب پاکستان ریلوے کے بہادر ملازم لیاقت نے مشتبہ خودکش حملہ آور کو دبوچ کر اپنی جان قربان کر دی، دھماکے میں حملہ آور ہلاک جبکہ لیاقت شہید ہو گئے۔
خوشحال گڑھ منکور چوکی کے قریب پاکستان ریلوے میں ملازمت کرنے والے لیاقت ولد کرم الٰہی نے ایک مشتبہ خودکش حملہ آور کو دیکھ کر غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر حملہ آور کو دبوچ لیا۔ اطلاعات کے مطابق حملہ آور چوکی کی طرف بڑھ رہا تھا۔
اس دوران زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں خودکش حملہ آور ہلاک ہو گیا جبکہ لیاقت جامِ شہادت نوش کر گئے۔ شہید لیاقت نے سوگواران میں ایک بیوہ، ایک بیٹا اور ایک بیٹی چھوڑے ہیں۔
لیاقت شہید کی اس عظیم قربانی کے باعث پورا علاقہ ایک بڑے سانحے سے محفوظ رہا۔ اہلِ علاقہ نے ان کی بہادری اور قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیاقت نے انسانیت کی حفاظت کے لیے اپنی جان قربان کر کے جرات کی نئی مثال قائم کی۔