کالام میں سیاحوں سے ناروا سلوک پر 20 سے زائد جیپ ڈرائیوروں کے خلاف مقدمہ درج

گاڑیاں روکیں اور دھمکیاں دیں۔ ترجمان اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی

May 12, 2026 · جرم وسزا, قومی

 

کالام میں سیاحوں کی گاڑیوں کو روکنے اور انہیں مبینہ طور پر دھمکیاں دینے کے واقعے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بیس سے زائد جیپ ڈرائیوروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ترجمان اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی سعید الرحمان کے مطابق یہ کارروائی اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ سوات کی درخواست پر کی گئی۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق بعض افراد نے سیاحوں کو راستے میں روک کر ان کے ساتھ ناروا رویہ اختیار کیا اور خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کی جس پر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

ترجمان نے واضح کیا کہ سیاحت کو متاثر کرنے یا سیاحوں کو ہراساں کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی اور خیبرپختونخوا حکومت کی پالیسی کے مطابق سیاحوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ کالام، مہوڈنڈ اور دیگر سیاحتی مقامات میں کسی قسم کی غیر قانونی پابندی عائد نہیں کی گئی اور سیاح آزادانہ طور پر اپنی گاڑیوں یا مقامی ڈرائیورز کے ذریعے سفر کر سکتے ہیں۔

ترجمان اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مطابق ایسے واقعات سے سیاحت کی ساکھ متاثر ہو سکتی ہے اس لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی مسئلے کی صورت میں براہ راست ضلعی انتظامیہ، اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی یا پولیس کے ساتھ رابطہ کریں تاکہ فوری اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔