لکی مروت دھماکے میں 2 ٹریفک اہلکاروں سمیت 9 افرادشہید،متعدد زخمی
علاقے میں دہشت گردوں کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر سرچ آپریشن شروع
لکی مروت کے سرائے نورنگ بازار پھاٹک میں دھماکہ ہو گیا، دو ٹریفک اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کی ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد کا ہو سکتا ہے، لاشوں اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال سرائے نورنگ منتقل کیا جا رہا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس اہل کار ایل ایچ سی راحت اللہ اور عادل جان دونوں دھماکے میں جاں بحق ہوئے،ریسکیو 1122 نےجاں بحق اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) لکی مروت نذیر خان کے مطابق دھماکے میں 9افراد اور شہید 18 زخمی ہوئے ہیں، شہداء میں دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
ڈی پی او نذیر خان کے مطابق دھماکہ موٹرسائیکل میں رکھے ای آئی ڈی سے ہوا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں دہشت گردوں کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ اس بزدلانہ کارروائی میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔