نوشہرہ میں بچوں کی لڑائی خونی تصادم میں تبدیل۔4 سگے بھائیوں سمیت 5 افراد جاں بحق

دونوں فریقین کے درمیان زبانی تکرار اور پھر مسلح تصادم میں بدل گیا

May 12, 2026 · قومی

نوشہرہ میں بچوں کی لڑائی خونریز تصادم میں بدلنے کے بعد لوگ جمع ہیں

خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ کے نواحی علاقے میاں عیسیٰ میں بچوں کی معمولی لڑائی خونی تصادم میں تبدیل ہوگئی، جس کے نتیجے میں چار سگے بھائیوں سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعے کا آغاز بچوں کے درمیان جھگڑے سے ہوا، جو بعد ازاں دونوں فریقین کے درمیان زبانی تکرار اور پھر مسلح تصادم میں بدل گیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جن میں چار سگے بھائی بھی شامل ہیں۔
ریسکیو 1122 حکام کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال اور قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس نوشہرہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے محرکات اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔