وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بین الصوبائی علاقے جنڈ اور خوشحال گڑھ پل ، کوہاٹ کے قریب اپنی جان قربان کر کے مقامی آبادی کو بڑی تباہی سے بچانے پر بہادر شہری لیاقت کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
منگل کو جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے لیاقت نے دہشت گرد کو روک کر شناخت پوچھی جس پر دہشت گرد نے خود کو اڑا لیا اور لیاقت نے خود بھی شہادت کا رتبہ پالیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ شہید لیاقت کی لازوال قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ ان کی بروقت بہادری نے بڑے جانی نقصان سے بچالیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ شہید لیاقت نے غیر معمولی جرأت، فرض شناسی اور حب الوطنی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔
ایسے بہادر اور نڈر شہری دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کی حقیقی علامت ہے۔ شہید لیاقت کی قربانی قوم کے ہر فرد کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
قوم شہید لیاقت کی قربانی کبھی نہیں بھولے گی- شہید لیاقت جیسے بہادر شہری ہماری قوم کا اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خلاف پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ پاکستان کے بہادر عوام نے ہمیشہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا ہے اور آئندہ بھی قومی اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے دہشت گردی کو شکست دی جائے گی۔وزیراعظم نے شہید لیاقت کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔