حکومت کے ساتھ مذاکرات میں کوئی بڑی پیشرفت نہیں ہوئی،سینیٹر علی ظفر
یہ عمل ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔ان مذاکرات کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔میڈیا سے گفتگو
فائل فوٹو
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما سینیٹر علی ظفر کا کہنا ہے تحریک انصاف سمیت اپوزیشن جماعتیں باہمی مشاورت کے بعد اپنی حکمتِ عملی طے کرتی ہیں۔ حکومت کے ساتھ مذاکرات میں ابھی تک کوئی بڑی پیشرفت نہیں ہوئی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کے اندر کسی بڑے اختلاف کی صورتحال موجود نہیں، البتہ بعض اوقات فاصلہ یا مختلف اندازِ عمل کا تاثر ضرور پیدا ہو جاتا ہے۔حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری مذاکراتی عمل میں اب تک کوئی بڑی پیش رفت سامنے نہیں آئی، اور انہیں دستیاب معلومات کے مطابق یہ عمل ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔ان مذاکرات کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔
انھوں نے کہاکہ عمران خان کی جانب سے اپوزیشن رہنماؤں کو جو ذمہ داری دی گئی تھی، وہ تاحال مکمل طور پر پوری ہوتی نظر نہیں آ رہی، تاہم کوششیں جاری ہیں۔وہ جلد محمود اچکزئی سمیت دیگر رہنماؤں سے ملاقات کریں گے جس میں مذاکراتی عمل اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔