کوکین انمول عرف پنکی کا راولپنڈی، اسلام آباد اور لاہور میں بھی منشیات سپلائی کرنے کا انکشاف

پولیس نے ملزمہ کا کرمنل ریکارڈ اکٹھا کرنا شروع کر دیا

May 12, 2026 · قومی

کراچی سے گرفتار ہونے والی مبینہ کوکین ڈیلر انمول عرف پنکی سے متعلق تحقیقات میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔

ملزمہ کراچی کے ساتھ ساتھ راولپنڈی، اسلام آباد اور لاہور میں بھی منشیات سپلائی کرتی رہی۔تحقیقاتی اداروں نے انکشاف کیا ہے کہ کراچی سے پنجاب اور وفاقی دارالحکومت تک منشیات کی ترسیل ایک منظم نیٹ ورک کے ذریعے کی جاتی تھی، جس میں مختلف شہروں کے ڈیلرز اور سپلائرز شامل تھے۔

مکمل نیٹ ورک تک رسائی حاصل کرنے کے لیے کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں آئس اور دیگر منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار ملزمان سے بھی تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پنجاب پولیس نے ملزمہ کا کرمنل ریکارڈ اکٹھا کرنا شروع کر دیا  ہے، ریکارڈ سی سی ڈی اور منشیات ونگ سے چیک کرایا جارہا ہے، کاونٹر نارکوٹکس فورس نے بھی گرینڈ آپریشن شروع کررکھا ہے،

10 دنوں کے دوران 73 ڈیلرز گرفتار کیے جاچکے، ان سے بھی ملزمہ کے بارے میں بھی تفتیش کی جارہی ہے، انمول کے بارے میں دیگر اضلاع سے بھی ریکارڈ طلب کرلیا ہے، ٹھوس شواہد ملتے ہی کراچی پولیس کو آگاہ کیا جائے گا۔

انمول عرف پنکی پر7 سال قبل منشیات فروشی کا مقدمہ درج ہوا

مبینہ ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی پر7 سال قبل منشیات فروشی کا مقدمہ درج ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

انمول عرف پنکی پر 2019 میں منشیات فروشی کے الزام میں اینٹی نارکوٹکس فورس کی مدعیت میں ایف آئی آر درج ہوچکی ہے۔ ایف آئی آر میں انکشاف کیا گیا تھا کہ ملزمہ پاکستان میں منشیات فروشی کےنیٹ ورک چلاتی ہے، ایف آئی آر اندراج کے بعد پنکی کراچی سے لاہور فرار ہوگئی تھی اور اس دوران پنکی قانون نافذ کرنے والےاداروں کی ایف آئی آرمیں مسلسل اشتہاری رہی۔

پنکی کراچی اور لاہورکےعلاوہ پنجاب کے مختلف شہروں میں ڈرگ پیڈلرکےطورپرکام کرتی رہی، پنکی کا زیادہ ترحدف شہر کے پوش علاقوں کی نجی پارٹیوں میں منشیات کی سپلائی رہی۔