جو دہلی کے ساتھ کیا، وہی کابل کے ساتھ کریں گے ، خواجہ آصف
کابل حکومت بھارت کی پراکسی بنی ہوئی ہے،قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال
فائل فوٹو
اسلام آباد:وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے افغانستان کی طالبان حکومت کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو دہلی کے ساتھ کیا، وہی کابل کے ساتھ کریں گے۔
قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ کابل حکومت بھارت کی پراکسی بنی ہوئی ہے، کابل ہمیں دہشت گردی روکنے کی یقینی دہانی نہیں کروا رہا۔
انھوں نے کہاکہ دہلی اور کابل میں کوئی فرق نہیں، چاہے مشرقی سرحد ہو یا مغربی، اس وقت دونوں سرحدوں پر ایک ہی دشمن ہے۔ہم نے 3 ملکوں کے ساتھ مل کر ان کو سمجھانے کی بہت کوشش کی، قطر ، سعودی عرب اور ترکیہ نے بھی مذاکرات میں ہمارا ساتھ دیا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پاک فوج غیر مشروط شہادتیں دے رہی ہے، اگر کوئی بچہ سرحد پر جا کر اپنی جان دیتا ہے اس کی شناخت پاکستان ہوتی ہے۔
وزیرِ دفاع کا مزید کہنا تھا کہ لمبے عرصے تک کے پی حکومت کا تعاون نہیں تھا تاہم اب ہے۔ ان سب کو معرکۂ حق کی تقریب میں بلایا گیا کوئی نہیں آیا، ان کا نام نہیں لینا چاہتا جنہیں بلایا گیا۔