کراچی: خداداد کالونی سے منشیات فروش’ملکہ’ گرفتار، 35 کلو چرس برآمد

گرفتار ملزمہ 'ملکہ' شہر کے متمول اور پوش علاقوں میں منشیات کی سپلائی اور فروخت میں ملوث تھی ، پولیس حکام

May 13, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی : ضلع شرقی میں پولیس نے ایک کامیاب چھاپہ مار کارروائی کے دوران شہر کے پوش علاقوں میں منشیات سپلائی کرنے والی اہم خاتون ڈیلر کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد ہوئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق، خفیہ اطلاع پر ضلع شرقی کے علاقے خداداد کالونی قبرستان کے قریب ناکہ بندی کی گئی۔ اس دوران منشیات فروشی کے نیٹ ورک کی کلیدی رکن نرگس عرف ملکہ کو حراست میں لیا گیا۔ جامہ تلاشی اور ابتدائی تفتیش کے بعد ملزمہ کے قبضے سے 35 کلو سے زائد اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کی گئی، جس کی عالمی مارکیٹ میں مالیت لاکھوں روپے بتائی جاتی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمہ ‘ملکہ’ شہر کے متمول اور پوش علاقوں میں منشیات کی سپلائی اور فروخت میں ملوث تھی۔ وہ ایک منظم نیٹ ورک چلا رہی تھی جو نوجوان نسل تک زہر پھیلانے کا کام کر رہا تھا۔

دورانِ تفتیش ملزمہ نے انکشاف کیا ہے کہ اس کے اس کالے دھندے میں مزید کئی ساتھی بھی شامل ہیں۔ پولیس نے ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے اور اس کے دیگر مفرور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔