13 لاکھ عازمین حج نے مسجد الحرام و مسجد نبوی میں نماز جمعہ ادا کی

پاکستان سے سرکاری اسکیم والے 77 ہزار 821 عازمین حج مکہ مکرمہ پہنچ گئے۔ عبادتوں میں مصروف

May 15, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

مکہ مکرمہ : دنیا بھر سے آئے ہوئے 13 لاکھ سے زائد عازمینِ حج نے آج مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں انتہائی عقیدت و احترام اور خشوع و خضوع کے ساتھ نمازِ جمعہ ادا کی۔

 دونوں مقدس مساجد کے صحن، راہداریاں اور اطراف کی سڑکیں نمازیوں سے کچھا کچھ بھر گئیں۔ خطبہ جمعہ میں امتِ مسلمہ کی یکجہتی، امن اور عازمینِ حج کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

پاکستان سے سرکاری اسکیم والے 77 ہزار 821 عازمین حج مکہ مکرمہ پہنچے ہیں جبکہ 6 ہزار 931 پاکستانی عازمین مدینہ منورہ میں عبادتوں میں مصروف ہیں۔

حجازِ مقدس میں موسم کی شدت اور شدید دھوپ کے پیشِ نظر مکہ مکرمہ سے پاکستانی حج مشن نے عازمینِ حج کے لیے ایک اہم ہیلتھ اور سیفٹی ایڈوائزری جاری کی ہے۔ شدید دھوپ اور ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے باہر نکلتے وقت چھتری لازمی ہمراہ رکھیں۔ڈی ہائیڈریشن (پانی کی کمی) سے محفوظ رہنے کے لیے پانی یا زم زم کی بوتل ساتھ رکھیں اور مسلسل پانی پیتے رہیں۔

مساجد میں رش کے باعث صحن یا بیرونی راستوں پر نماز ادا کرنی پڑ سکتی ہے، اس لیے اپنی جائے نماز اپنے ساتھ رکھیں۔

پاکستانی حج مشن کے حکام کا کہنا ہے کہ عازمینِ حج کی سہولت، رہائش، ٹرانسپورٹ اور طبی امداد کے لیے مکہ اور مدینہ میں کنٹرول رومز چوبیس گھنٹے فعال ہیں تاکہ اللہ کے مہمانوں کو مناسک کی ادائیگی میں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔