اسلام آبا میں کاروباری اوقات کار تبدیل نہیں ہوئے،انتظامیہ۔وائرل نوٹیفکیشن جعلی قرار

کفایت شعاری مہم کے تحت اوقات کار بدستور برقرار، نوٹیفیکیشن کی سختی سے تردید

May 16, 2026 · قومی

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے کاروباری اوقات کار میں تبدیلی سے متعلق سوشل میڈیا اور مختلف حلقوں میں زیر گردش نوٹیفیکیشن کو مکمل طور پر جعلی قرار دے دیا ہے اور اس کی سختی سے تردید کی ہے۔

انتظامیہ کے مطابق اس وقت کاروباری اوقات کار میں کسی قسم کی تبدیلی کا کوئی باضابطہ، سرکاری یا مجاز نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا گیا، اور عوام الناس کو غیر مصدقہ معلومات پر یقین نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا کہ اسلام آباد میں تمام کاروباری مراکز کے اوقات کار اس وقت حکومتی کفایت شعاری مہم کے تحت پہلے سے طے شدہ نظام کے مطابق ہی جاری رہیں گے اور ان میں کوئی رد و بدل نہیں کیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ اگر مستقبل میں حالات یا پالیسی کے تحت اوقات کار میں کسی قسم کی تبدیلی ناگزیر ہوئی تو اس حوالے سے مکمل جانچ پڑتال اور حکومتی منظوری کے بعد باقاعدہ سرکاری نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا، جسے عوام تک شفاف انداز میں پہنچایا جائے گا۔

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں اور غیر مصدقہ خبروں پر توجہ نہ دیں اور صرف سرکاری ذرائع سے جاری معلومات کو ہی معتبر سمجھیں۔