امریکا اور ایران کے درمیان ’مذاکرات کا نتیجہ‘ نکلنے کی امید ہے،محسن نقوی

وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایران کے اسپیکر پارلیمنٹ اور چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف سے اہم ملاقات کی۔

May 17, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

تہران/اسلام آباد: وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایران کے اسپیکر پارلیمنٹ اور چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف سے اہم ملاقات کی ہے، جس میں امریکا اور ایران کے درمیان طویل عرصے سے تعطل کا شکار امن مذاکرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کی کوششوں اور خطے کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ملاقات کے دوران محمد باقر قالیباف نے مشرقِ وسطیٰ میں امریکا کی موجودگی پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے ان علاقائی حکومتوں کو آڑے ہاتھوں لیا جو یہ سمجھتی تھیں کہ امریکا کی موجودگی انہیں تحفظ فراہم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ “حالیہ واقعات نے ثابت کر دیا ہے کہ خطے میں امریکی موجودگی نہ صرف یہ کہ سیکیورٹی لانے میں ناکام رہی بلکہ اس نے مزید بدامنی اور عدم استحکام پیدا کیا ہے۔” انہوں نے خطے کے ممالک پر زور دیا کہ وہ غیر ملکی مداخلت کے بجائے باہمی اعتماد اور تعاون پر مبنی سیکورٹی ڈھانچہ تشکیل دیں۔

پاکستانی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے دونوں ممالک کے گہرے تاریخی تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران پہلے بھی ایک دوسرے کے قریب تھے، لیکن اب وہ مزید قریب آ چکے ہیں۔

انہوں نے اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کا ذکر کرتے ہوئے محمد باقر قالیباف کی سفارتی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ انہوں نے مذاکرات کے دوران ایران کے قومی مفادات کا بھرپور دفاع کیا اور ساتھ ہی ساتھ مسائل کو حل کرنے کے لیے تعمیری کردار بھی ادا کیا۔

وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے امریکا اور ایران کے درمیان جاری ان اہم مذاکرات کو کسی منطقی انجام تک پہنچانے میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔