بلوچستان بھر میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ
ہر قسم کے اسلحے کی نمائش اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہو گی۔
فائل فوٹو
کوئٹہ: بلوچستان میں حکومت نے ایک مرتبہ پھر دفعہ 144نافذ کر دی ہے۔
اتوار کو محکمہ داخلہ و قبائلی امور کی جانب سے جاری ایک نوٹیفیکیشن کے مطابق صوبے بھر میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔
دفعہ 144کے باعث ہر قسم کے اسلحے کی نمائش اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہو گی۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق ہر قسم کی ریلیوں، دھرنوں، جلوسوں، پانچ یا پانچ سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی کے علاوہ ماسک یا مفلر سے چہرے چھپانے پر بھی پابندی ہوگی۔
دریں اثنا محکمہ داخلہ کے معاون برائے میڈیا بابر یوسفزئی کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ سکیورٹی ادارے کالعدم تنظیموں کی جانب سے کسی بھی ممکنہ کارروائی سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ ہیں۔

انھوں نے کہا کہ تمام سکیورٹی فورسز مکمل طور پر تیار اور الرٹ ہیں جبکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔