فیک نیوز سے پاکستان کی ترقی کا سفر نہیں روکا جا سکتا، فیلڈ مارشل عاصم منیر

کوئٹہ گیریژن کا دورہ، بلوچستان میں پائیدار امن و استحکام کیلئے عوام پر توجہ دینے پر زور

May 19, 2026 · اہم خبریں, قومی

فیلڈ مارشل عاصم منیر کوئٹہ گیریژن میں افسران سے خطاب کر رہے ہیں

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ فیک نیوز اور بیرونی اسپانسر کردہ دہشت گردی سے پاکستان کی ترقی کا سفر نہیں روکا جا سکا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا۔ کوئٹہ آمد پر انہیں کمانڈر کوئٹہ کور نے استقبال کیا۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے منگل کے روز کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں زیرِ تربیت افسران اور فیکلٹی ارکان سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کالج کے اعلیٰ تربیتی معیار، فکری صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کی یہ روایات اس ادارے کا نمایاں وصف ہیں۔ انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ کالج کے فارغ التحصیل افسران اپنی غیر معمولی کارکردگی اور پیشہ ورانہ وابستگی کے باعث نمایاں مقام حاصل کر رہے ہیں۔

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے جدید جنگ کے تیزی سے بدلتے ہوئے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، ملٹی ڈومین آپریشنز، تینوں مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی اور مستقبل کے جنگی چیلنجز سے باخبر رہنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ خود کو اور اپنے جوانوں کو مسلسل تربیت دیں تاکہ جنگ کی بدلتی نوعیت کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے اور پیشہ ورانہ مہارت، تیاری اور عملی صلاحیت کے اعلیٰ معیار برقرار رکھے جائیں۔

بعد ازاں فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں تعینات فارمیشنز کے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کی بھرپور حمایت کے ساتھ ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے سفر کو پروپیگنڈا، فیک نیوز یا بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ذریعے روکا نہیں جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پراکسیز اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کی پیش رفت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والی قوتیں ریاست کے استحکام اور عوام کے اتحاد کے باعث ناکام ہوں گی۔

فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں پائیدار امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دیرپا ترقی کے لیے پیپلز سینٹرڈ (عوامی مرکزیت پر مبنی) حکمت عملی، جامع ترقی، بہتر طرزِ حکمرانی اور سیکیورٹی اقدامات ساتھ ساتھ ضروری ہیں۔ انہوں نے حکومتِ بلوچستان کی جانب سے عوامی فلاح، سماجی و معاشی ترقی اور ریاست و عوام کے درمیان تعلق مضبوط بنانے کی کوششوں کو بھی سراہا۔

انہوں نے بلوچستان میں امن، استحکام اور ریاستی عملداری برقرار رکھنے کے لیے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، عملی تیاری اور پیشہ ورانہ عزم کی بھی تعریف کی۔