وزارتِ توانائی کی 200 یونٹس تک بجلی کے بلوں پر سبسڈی ختم ہونے کی خبروں کی تردید

حکام نے ایسے صارفین کی جانچ شروع کی ہے جو ایک ہی گھر میں ایک سے زائد میٹر یا سولر سسٹم استعمال کر رہے ہیں ،ڈسکوز ذرائع

May 19, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: 200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے سبسڈی ختم کرنے کی خبروں کے بعد وزارتِ توانائی نے واضح کیا ہے کہ حکومت کا فی الحال ایسی کوئی تجویز لانے کا ارادہ نہیں ۔

ڈسکوز ذرائع کے مطابق حکام نے ایسے صارفین کی جانچ شروع کی ہے جو ایک ہی گھر میں ایک سے زائد میٹر یا سولر سسٹم استعمال کر رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض کیسز میں سبسڈی کے غلط استعمال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جبکہ کیو آر کوڈ کے ذریعے صارفین کا ڈیٹا بھی چیک کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق 200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو ماہانہ تقریباً 5 ہزار روپے تک ریلیف مل رہا ہے اور اگر یہ سبسڈی ختم ہوئی تو 2 ہزار روپے کا بل بڑھ کر تقریباً 7 ہزار روپے تک پہنچ سکتا ہے۔

دوسری جانب وزارت توانائی کے ترجمان نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ 200 یونٹس تک سبسڈی ختم کرنے یا 1 گھر میں 1 سے زائد میٹر ہونے پر رعایت روکنے کی کوئی تجویز زیرِ غور نہیں۔

ترجمان کے مطابق بجلی کے بلوں پر کیو آر کوڈ چھاپنے کا مقصد صرف صارفین کو دی جانے والی ماہانہ سبسڈی کی تفصیلات فراہم کرنا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا ہے کہ اگر ایک گھر میں الگ پورشن یا بھائی الگ رہتے ہوں تو ایسی صورت میں سبسڈی ختم کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

وزارتِ توانائی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ حکومت کا مقصد صارفین کو زیادہ سہولت اور آسانی فراہم کرنا ہے اور یہ سہولت بدستور جاری رہے گی۔