ایبٹ آباد: نماز جنازہ کے دوران فائرنگ ، ایک شخص جاں بحق ،3 افراد زخمی

فائرنگ کے واقعے کے باعث نمازِ جنازہ میں شدید بھگدڑ مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا۔

May 19, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

ایبٹ آباد: نمازِ جنازہ کے دوران دیرینہ دشمنی پر دو گروپوں میں تصادم اور شدید فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 3 افراد شدید زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ایبٹ آباد کے تھانہ کینٹ کی حدود میں واقع کالج گراؤنڈ میں پیش آیا، جہاں کوہستان کے رہائشی دو گروپوں کے درمیان پرانی دشمنی پر اچانک تصادم ہو گیا اور فائرنگ شروع ہو گئی۔ فائرنگ کے واقعے کے باعث نمازِ جنازہ میں شدید بھگدڑ مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا۔

فائرنگ کی زد میں آ کر قدم ولد ایاز موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ دیگر 3 افراد جن میں اسماعیل ولد سیدا خان، تاج ولد بلدر اور فیروز ولد سونا خان شامل ہیں، شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو اور مقامی افراد نے فوری طور پر لاش اور زخمیوں کو ایوب میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا، جہاں زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی کینٹ بھاری پولیس نفری کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔