پاکستان اپنے دفاع کیلیے ہر قیمت ادا کرے گا: وزیراعظم

وزیراعظم نے قومی خود مختاری کے تحفظ، امن اور استحکام کے لیے افواج پاکستان کے کردار کو سراہا۔

May 19, 2026 · اہم خبریں, قومی
فوٹو آئی ایس پی آر

فوٹو آئی ایس پی آر

کوئٹہ:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی مہم جوئی کے خلاف اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت کے دفاع کیلئے ہر قیمت ادا کرے گا۔

اسٹاف کالج کوئٹہ میں افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’غضب للحق‘ پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاریوں اور قومی خودمختاری، امن و استحکام کے تحفظ کیلئے دی جانے والی قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے افواجِ پاکستان کے غیر متزلزل عزم کو سلام پیش کیا۔

وزیراعظم نے ’’معرکۂ حق‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی مسلح افواج کی تاریخی کامیابی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی بلااشتعال اور غرور پر مبنی جارحیت کے مقابلے میں پاکستان نے انتہائی ذمہ دارانہ، مدبرانہ اور محتاط طرزِ عمل اختیار کیا، جسے عالمی برادری نے بھی سراہا۔

وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کیلئے ہر قیمت پر تیار ہے۔’’آپریشن غضبُ للحق‘‘ پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری ہے تاکہ افغان طالبان کے حمایت یافتہ دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے معصوم شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں و سہولت کار ڈھانچوں کو نشانہ بنایا جا سکے۔

انہوں نے جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔دوست ممالک سے تعلق رکھنے والے زیرِ تربیت افسران کی موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے عسکری سفارتکاری اور دفاعی تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان ایک ’’نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر‘‘ کے طور پر خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔