آپریشن”غضب للحق”پوری قوت سے جاری،پراکسیز کو سخت سزا دی جائے گی:وزیراعظم
TTP، BLA کے خلاف افغان طالبان سے ٹھوس اقدامات کرنے کا مطالبہ
وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بلوچستان میں کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کا دورہ کرتے ہوئے
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ آپریشن “غضب للحق” پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری ہے، اور افغان طالبان سے وابستہ پراکسیز کو سخت سزا دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ افغان طالبان رجیم کو ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کے خلاف ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے، اور پاکستان ہر قسم کی مہم جوئی کے خلاف اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرے گا۔
وزیراعظم نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کے دورے کے موقع پر فیکلٹی اور زیر تربیت افسران سے خطاب میں معرکہ حق کا حوالہ دیتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج کی تاریخی کامیابی کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے بھارت کی بلااشتعال جارحیت کے مقابلے میں پاکستان کے ذمہ دارانہ رویے اور عالمی برادری کی تسلیم شدہ پالیسی کی بھی تعریف کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن “غضب للحق” دہشت گرد پراکسیز کے ٹھکانوں اور معاون ڈھانچوں کو سخت سزا دینے کے لیے جاری ہے، تاکہ معصوم شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت بھی دہرائی اور عسکری سفارتکاری و باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ دشمن قوتیں پاکستان کی ترقی کو پراکسیز اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے سبوتاژ کرنے کی کوشش میں ناکام ہوں گی۔
فیلڈ مارشل نے اسٹاف کالج کے تربیتی معیار، افواج کے درمیان ہم آہنگی اور جدید جنگی چیلنجز سے آگاہ رہنے کی اہمیت کو سراہا اور بلوچستان میں امن و استحکام برقرار رکھنے پر افسران و جوانوں کی حوصلہ افزائی کی۔