پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں میں فوجی اعزازات تقسیم
پاک بحریہ کے 18 افسران کو ستارہِ امتیاز (ملٹری) جبکہ 11 افسران کو تمغہِ امتیاز (ملٹری) سے سرفراز کیا گیا۔
فائل فوٹو
کراچی : پاک بحریہ کی سالانہ پروقار تقریبِ تقسیمِ اعزازات (انویسٹیچر سلیبریٹی 2026) بحریہ آڈیٹوریم کراچی میں منعقد ہوئی۔ ترجمان پاک فوج (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف (نشانِ امتیاز، نشانِ امتیاز ملٹری، تمغہِ بسالت) تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔
انہوں نے مادرِ وطن کے دفاع اور فرائض کی انجام دہی میں نمایاں خدمات اور شجاعت کا مظاہرہ کرنے والے پاک بحریہ کے افسران، چیف پیٹی افسران (CPOs)، سیلرز اور سویلینز کو مختلف فوجی اعزازات اور اسناد سے نوازا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب کے دوران پاک بحریہ کے 18 افسران کو ستارہِ امتیاز (ملٹری) جبکہ 11 افسران کو تمغہِ امتیاز (ملٹری) سے سرفراز کیا گیا۔
جوانوں اور سیلرز کے لیے اعزازات
تمغہِ خدمت (ملٹری) – I: پاک بحریہ کے 33 چیف پیٹی افسران (CPOs) اور سیلرز کو دیا گیا۔
تمغہِ خدمت (ملٹری) – II: 82 اہلکاروں کو اس اعزاز سے سرفراز کیا گیا۔
تمغہِ خدمت (ملٹری) – III: 69 اہلکاروں کو پیش کیا گیا۔
چیف آف دی نیول اسٹاف کی جانب سے مجموعی طور پر 51 افسران، چیف پیٹی افسران، سیلرز اور نیوی کے سویلین ملازمین کو تعریفی اسناد دی گئیں۔
اس باوقار تقریب میں مسلح افواج کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ اعلیٰ افسران کی بڑی تعداد سمیت اعزازات حاصل کرنے والے افسران و جوانوں کے اہلخانہ نے شرکت کی۔