وزیر اعظم ہفتے سے چین کا دورہ کریں گے: وزارت خارجہ
چین اور پاکستان کی قیادت دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کرے گی ،چینی وزارتِ خارجہ
فائل فوٹو
بیجنگ: چین کی وزارتِ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف سنیچر یعنی 23 مئی سے بیجنگ کا دورہ کریں گے، جہاں وہ اہم مذاکرات میں شرکت کریں گے۔
پاکستان اور چین دونوں مشرقِ وسطیٰ کے بحرانوں میں ثالثی کی کوششیں کر رہے ہیں۔ 8 اپریل سے جنگ بندی کے باوجود امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گذشتہ روز خبردار کیا ہے کہ سفارتکاری کے لیے دستیاب وقت تیزی سے ختم ہو رہا ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے جمعرات کو پریس کانفرنس میں کہا کہ چین اور پاکستان کی قیادت دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کرے گی۔
انھوں نے مزید کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مل کر مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کی جلد بحالی کے لیے مثبت کردار ادا کرے گا۔
ترجمان کے مطابق چین امن کے لیے پاکستان کے منصفانہ اور متوازن کردار کی حمایت کرتا ہے۔
حالیہ مہینوں میں پاکستان امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات میں ایک اہم کردار ادا کرتا رہا ہے، اور گذشتہ ماہ اس سلسلے میں مذاکرات کی میزبانی بھی کی تھی، تاہم کوئی ٹھوس نتیجہ سامنے نہیں آ سکا۔