پنجاب اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارشیں۔ موسم خوشگوار ہوگیا

بارش کے باعث جاگراں نالہ میں پانی کی سطح بلند، پاور ہاؤس بند

May 22, 2026 · قومی

پنجاب اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں موسم کی تبدیلی کے باعث بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور اور شکرگڑھ سمیت کئی شہروں اور گرد و نواح میں ہلکی سے درمیانی بارش ریکارڈ کی گئی۔

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا تاہم نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات بھی سامنے آئیں۔

وادی نیلم کے بالائی اور زیریں علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔ شدید بارش کے نتیجے میں جاگراں نالہ میں پانی کی سطح بلند ہو گئی جبکہ کنڈل شاہی پاور ہاؤس کو عارضی طور پر بند کرنا پڑا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں میں مزید بارشوں کا امکان بھی موجود ہے۔