زیارت میں مسلح افراد نے کوئلے سے لدے 5 ٹرک جلا دیئے

سیکیورٹی خدشات کے باعث ٹرانسپورٹرز کا احتجاج اور سرگرمیاں معطل کر دیں

May 22, 2026 · قومی

بلوچستان کے ضلع زیارت میں نامعلوم مسلح افراد نے کوئلے سے لدے پانچ ٹرکوں کو نذر آتش کر دیا۔ پولیس کے مطابق یہ ٹرک ہرنائی سے ملک کے اندرونی حصوں کی طرف جا رہے تھے جب یہ واقعہ پیش آیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ حملہ آوروں کا سراغ لگایا جا سکے۔

امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے باعث ٹرانسپورٹرز نے احتیاطی طور پر معدنیات کی لوڈنگ کا عمل عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔

ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ حالیہ واقعات کے بعد ڈرائیورز اور گاڑیوں کی حفاظت پر شدید خدشات پیدا ہو گئے ہیں، جس سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔