فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اہم مشن پر ایران روانہ ہو گئے
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر دورہ ایران کے دوران ایران امریکہ بات چیت ،خطے میں قیام امن اور دیگر اہم امور پر بات چیت کرینگے،سیکیورٹی ذرائع
فائل فوٹو
اسلام آباد / تہران : پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایک انتہائی اہم اور اعلیٰ سطح کے سرکاری دورے پر ایران روانہ ہو گئے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ دورہ خطے کی موجودہ صورتحال اور سفارتی کوششوں کے تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اپنے اس دورہ ایران کے دوران پاک-امریکہ-ایران بیک چینل ڈپلومیسی اور جاری ثالثی کی کوششوں کو آگے بڑھائیں گے۔
دورے کا بنیادی مرکز ایران اور امریکہ کے درمیان بالواسطہ بات چیت کو حتمی شکل دینا، خطے میں مستقل امن کا قیام، جنگی خطرات کا خاتمہ اور دیگر اہم علاقائی و عالمی امور ہوں گے۔ پاکستان اس وقت دونوں ممالک کے درمیان پیغامات کی رسانی اور جنگ بندی کو مستقل معاہدے میں بدلنے کے لیے کلیدی ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔
تہران آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایرانی صدر مسعود پزشکیان، وزیرِ خارجہ اور مسلح افواج کے اعلیٰ حکام سمیت دیگر اہم ترین ایرانی شخصیات سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں واشنگٹن کی جانب سے موصول ہونے والی تازہ ترین تجاویز، آبنائے ہرمز کو کھولنے، جوہری مذاکرات کی بحالی اور خطے کو پائیدار امن کی طرف لے جانے کے لیے “عارضی یا مستقل معاہدے” کے خدوخال پر فیصلہ کن بات چیت کی جائے گی۔