وزیرِ اعظم شہباز شریف چین کے چار روزہ دورے روانہ

شہباز شریف کی اعلیٰ چینی قیادت اور کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں شیڈول

May 23, 2026 · قومی

وزیرِاعظم شہبازشریف چار روزہ سرکاری دورے کے پہلے مرحلے میں چین کے شہر ہانگژو روانہ ہو گئے ہیں۔

دورے میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا تارڑ، وزیرِ آئی ٹی شزہ فاطمہ اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی وزیرِاعظم کے ہمراہ ہیں۔

سرکاری شیڈول کے مطابق وزیرِاعظم ہانگژو میں ژجیانگ صوبے کے پارٹی سیکریٹری سے ملاقات کریں گے، جبکہ وہ “چین پاکستان اقتصادی راہداری کا دوسرا مرحلہ” کے تحت پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان تعاون بڑھانے کے لیے منعقدہ بزنس فورم میں بھی شرکت کریں گے۔

وزیرِاعظم اس موقع پر معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب میں بھی شریک ہوں گے۔ اس کے علاوہ وہ معروف چینی کمپنیوں کے سی ای اوز سے ملاقاتیں کریں گے اور علی بابا گروپ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ بھی کریں گے۔

بعد ازاں وزیرِاعظم بیجنگ روانہ ہوں گے جہاں ان کی ملاقات شی جن پنگ اور چینی وزیرِاعظم سے ہوگی۔ وہ پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

دورے کے دوران وزیرِاعظم چینی اکیڈمی آف ایگری کلچر سائنسز کا بھی دورہ کریں گے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور چین کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، خصوصاً سی پیک فیز 2 کے تحت اقتصادی تعاون میں وسعت کے لیے اہم ثابت ہوگا۔