پنجاب میں گلی محلوں میں آلائشیں پھینکنے پر 50 ہزار جرمانہ ہوگا

باقیات اور آلائشیں ڈالنے کے لیے ڈی گریڈ ایبل شاپنگ بیگ مہیا کیے جائیں گے

May 23, 2026 · قومی

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عید الضحیٰ کے موقع پر گلی، محلوں میں آلائشیں پھینکنے والوں پر 50 ہزار روپے جرمانے کی منظوری دے دی۔

لاہور میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِصدارت ویڈیو لنک اجلاس ہوا جس میں بتایا گیا کہ صوبے میں عید الاضحیٰ پر صفائی کے فول پروف انتظامات کا پلان تیار کیا گیا ہے۔

اجلاس میں ممنوع مقامات پر باقیات اور آلائشیں پھینکنے کی روک تھام اور نگرانی کے لیے ویجلینس اسکواڈ قائم کر دیا گیا۔

وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے عوام کو ان مقامات پر باقیات اور آلائشیں پھینکنے سے روکنے کی ابلاغِ عامہ مہم چلانے کی ہدایت بھی کی گئی۔
اجلاس میں دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ عید الاضحیٰ پر باقیات اور آلائشیں ڈالنے کے لیے ڈی گریڈ ایبل شاپنگ بیگ مہیا کیے جائیں گے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ نمازِ عید کے اجتماعات اور مساجد میں عرقِ گلاب کا اسپرے کیا جائے گا جبکہ عید صفائی آپریشن میں صوبے بھر میں 1 لاکھ 76 ہزار سینٹری ورکرز اور 8 ہزار سے زائد عارضی کارکن حصہ لیں گے۔