سندھ حکومت 18 سالہ کارکردگی چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ایم کیو ایم

پیپلز پارٹی نے سندھ کو محرومی، بدعنوانی اور بے روزگاری دی۔ ترجمان متحدہ قومی موومنٹ

May 24, 2026 · قومی

ایم کیو ایم کے ترجمان نے بلاول بھٹو کی حالیہ تقریر اور سندھ حکومت کی کارکردگی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی تقریر سے واضح ہوا کہ ایم کیو ایم آج بھی بلاول بھٹو کے اعصاب پر سوار ہے۔ ترجمان کے مطابق 18 سال سے تباہ حال سندھ میں نجی اداروں کے فنڈز سے ایک شاہراہ کا افتتاح پیپلز پارٹی کے سیاسی دیوالیہ پن کا اعتراف ہے۔

ترجمان نے الزام عائد کیا کہ اٹھارہ سال کی مبینہ لوٹ مار اور نااہلی کو نمائشی منصوبوں سے نہیں چھپایا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی بھٹو کے نام پر آج بھی شہری سندھ کے عوام کا خون چوس رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے عوام بجلی، پانی، نکاسی آب، گیس اور ٹرانسپورٹ جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جبکہ حکمران صرف افتتاحی تقریروں تک محدود ہیں۔ ایم کیو ایم کے مطابق پیپلز پارٹی عالمی اداروں اور نجی شراکت داری سے بننے والے منصوبوں کا کریڈٹ لینے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔

ترجمان نے یونیورسٹی روڈ کی صورتحال پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ سڑک نصف دہائی سے تباہ حال ہے اور بلاول بھٹو اس ذمہ داری سے دامن نہیں چھڑا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کو صرف بدعنوانی، بے روزگاری اور محرومی دی ہے۔