کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکہ 7 جاں بحق- بوگیاں الٹ گئیں

ریلوے لائن کے قریب کھڑی گاڑیاں بھی تباہ

May 24, 2026 · قومی

کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ ٹرین کی بوگیاں الٹ گئیں۔

پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 10 گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ آس پاس کی کچھ عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

دھماکے کے بعد سامنے آنے والی ویڈیوز میں ریلوے لائن کے قریب کھڑی گاڑیوں میں آگ لگی ہوئی ہے جبکہ ٹریک پر ٹرین کی بوگیاں اُلٹ گئیں۔

اتوار کی صبح ہونے والے اس دھماکے کے حوالے سے محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کے معاون برائے میڈیا بابر یوسفزئی کا کہنا ہے واقعہ کی معلومات حاصل کررہے ہیں۔

جائے وقوعہ سے ایک عینی شاہد عرفان خان نے بتایا کہ دھماکے کی شدت کی وجہ سے ٹرین کی دو بوگیاں الٹ گئی ہیں جن میں آگ بھڑک اٹھنے کی وجہ سے ایک بوگی کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

دھماکے کی وجہ سے ٹریک کے ساتھ بعض کاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز شہر میں دور تک سنائی دی۔

دھماکے کے باعث کوئٹہ شہر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔