شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی،11 خوارج جہنم واصل
ہ ہلاک خارجیوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا،آئی ایس پی آر
فائل فوٹو
راولپنڈی:سیکیورٹی فورسز کی شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 11 خوارجی جہنم واصل کیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر دتہ خیل میں آپریشن کیا جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 11 خوارجی مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس آپریشنز کے تسلسل میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں خارجیوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
دوسری جانب آئی ایس پی آر کے مطابق شدید اور گھمسان کی فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں چلنے والی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 11 خارجیوں کو ہلاک کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ہلاک خارجیوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا، یہ خارجی علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں اور سرگرمیوں میں ملوث رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان علاقوں میں چھپے ہوئے خارجیوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے اور قومی ایکشن پلان کی وفاقی اپیکس کمیٹی کے منظور کردہ ویژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف انتھک مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔
ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کی لعنت کا جڑ سے خاتمہ کیا جا سکے۔