وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے درمیان ملاقات کے مقام پر ڈیڈ لاک برقرار

محمود خان اچکزئی نے وزیر اعظم ہاؤس جانے سے انکار کرتے ہوئے نیوٹرل مقام پر ملاقات پر زور دیا۔

May 25, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اہم سیاسی رابطے جاری ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے درمیان ملاقات کرانے کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں، ذرائع کے مطابق دونوں رہنما ملاقات کے لیے تیار ہیں ، تاہم ملاقات کے مقام پر تاحال ڈیڈ لاک برقرار ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق سیاسی حالات میں بہتری کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان وزیر اعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کی ملاقات کرانے کے لیے بیک ڈور رابطے جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے اپوزیشن لیڈر کو وزیر اعظم ہاؤس آنے کی دعوت دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وزیر اعظم خود استقبال کریں گے۔

دوسری جانب محمود خان اچکزئی نے وزیر اعظم ہاؤس جانے سے انکار کرتے ہوئے نیوٹرل مقام پر ملاقات پر زور دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر اپوزیشن لیڈر کا چیمبر، رانا ثنا اللہ کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تجویز دی گئی تاہم بعد میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ایک مرکزی رہنما کا گھر بھی ممکنہ وینیو کے طور پر زیر غور آیا۔

اپوزیشن ذرائع کے مطابق ملاقات کے مقام اور وقت پر دونوں فریقین کے درمیان تاحال اتفاق نہیں ہو سکا ہے، جس کے باعث سیاسی ڈیڈ لاک برقرار ہے۔ جس کے بعد وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کو قومی اسمبلی میں اسپیکر چیمبر میں ملاقات کی تجویز بھجوا دی گئی ہے۔تا حال ملاقات کے مقام پر مشاورت جاری ہے، بریک تھرو ہوا تو عید کے بعد ملاقات کا قوی امکان ہے۔