عید الاضحیٰ پر پنجاب میں ہیٹ ویو کا خدشہ

بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے چار سے سات ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہنے کی توقع

May 26, 2026 · قومی

قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے قائم صوبائی ادارے پراونشل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبہ پنجاب میں عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے چار سے سات ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہنے کی توقع ہے۔

ترجمان کے مطابق لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور سیالکوٹ سمیت کئی شہروں میں درجہ حرارت 42 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، رحیم یار خان، سرگودھا اور جھنگ میں پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

ادارے نے خبردار کیا ہے کہ رات کے اوقات میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہ سکتی ہے۔

پی ڈی ایم اے کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہری صبح 10 بجے سے شام پانچ بجے تک غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی اور مشروبات کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ باہر نکلتے وقت ہلکے رنگ کے سوتی کپڑے پہنیں اور سر کو ڈھانپنے کے لیے ٹوپی یا چھتری استعمال کریں، جبکہ بچوں اور بزرگوں کو شدید گرمی میں گھروں کے اندر رکھا جائے۔

پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ ​سفر پر روانہ ہونے سے پہلے گاڑی کے ٹائروں کا پریشر اور ریڈی ایٹر میں پانی کی سطح لازمی چیک کی جائے۔ عید کے موقع پر قصابوں، مویشیوں کے تاجروں اور صفائی کے عملے کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔