17 لاکھ سے زائد فرزندانِ اسلام نے رواں سال فریضہ حج ادا کیا، سعودی محکمہ شماریات
مقامی حجاج کی تعداد 1 لاکھ 60 ہزار 646 رہی جن میں سعودی شہریوں کے ساتھ مملکت میں مقیم غیر ملکی افراد بھی شامل تھے۔
سعودی محکمہ شماریات نے رواں سال حج کے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں جن کے مطابق اس سال مجموعی طور پر 17 لاکھ 7 ہزار 301 افراد نے فریضہ حج ادا کیا۔
سعودی حکام کے مطابق 15 لاکھ 46 ہزار 655 حجاج بیرون ملک سے سعودی عرب پہنچے جبکہ ان کا تعلق دنیا کے 165 مختلف ممالک سے تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق مقامی حجاج کی تعداد 1 لاکھ 60 ہزار 646 رہی جن میں سعودی شہریوں کے ساتھ مملکت میں مقیم غیر ملکی افراد بھی شامل تھے۔
سعودی محکمہ شماریات کے مطابق مرد حجاج کی تعداد 8 لاکھ 93 ہزار 396 جبکہ خواتین حجاج کی تعداد 8 لاکھ 13 ہزار 905 ریکارڈ کی گئی۔
حکام نے بتایا کہ بیرون ملک سے آنے والے 14 لاکھ 85 ہزار 729 حجاج فضائی سفر کے ذریعے سعودی عرب پہنچے، جبکہ 54 ہزار 429 افراد زمینی راستے سے اور 6 ہزار 497 حجاج بحری راستے سے مملکت میں داخل ہوئے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال 16 لاکھ 73 ہزار 230 افراد نے فریضہ حج ادا کیا تھا۔