قربانی کا جذبہ انسانیت کیلئے ہمدردی،ایثار اور احساس ذمہ داری اپنانے کا درس دیتا ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف
اپنی جان، خواہشات،مفادات قربان کر دینا ہی اصل میں ایمان کی معراج اور اہل وفا کا طرۂ امتیاز ہے
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عیدالاضحیٰ کے بابرکت اور پر مسرت موقع پر پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مقدس سنت ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ اعلی اور مقدس مقصد کے لیے اپنی جان، خواہشات اور مفادات قربان کر دینا ہی اصل میں ایمان کی معراج اور اہل وفا کا طرۂ امتیاز ہے۔
عید الاضحی کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ تمام عزیز اہل وطن اور پوری اُمتِ مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے عید کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اس عظیم مذہبی تہوار کی خوشیوں اور جذبہ ایثار و قربانی کی حقیقی روح سے بہرہ مند فرمائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عید ہمیں عظیم الشان سنت ابراہیمی کی یاد دلاتی ہے جو حضرت ابراہیم علیہ السلام کی حکم الٰہی کے سامنے مکمل سپردگی اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی بے مثال اطاعت و فرمانبرداری کا روشن استعارہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مقدس سنت ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ اعلی اور مقدس مقصد کے لیے اپنی جان، خواہشات اور مفادات قربان کر دینا ہی اصل میں ایمان کی معراج اور اہل وفا کا طرۂ امتیاز ہے۔ قربانی کا جذبہ دراصل ہمیں خود غرضی، تنگ نظری اور ذاتی مفادات سے بلند ہو کر انسانیت کے لیے ہمدردی، ایثار اور احساس ذمہ داری اپنانے کا درس دیتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مادر وطن کے دفاع اور دہشت گردی کے واقعات میں جان قربان کرنے والے شہداء کی قربانی ہمارا قومی فخر ہے۔ عید کا روحانی موقع اس امر کا بھی متقاضی ہے کہ ہم انفرادی اور اجتماعی سطح پر اپنے گرد و نواح میں تنگ دست، غرباء اور مستحق افراد کا خصوصی طور پر خیال کریں اور عید کی خوشیوں میں انکو شامل حال رکھیں۔