وزیراعلیٰ بلوچستان کا سانحہ چمن پھاٹک کے متاثرین سے اظہار یکجہتی

بلوچستان کے عوام اس غم کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سرفراز بگٹی

May 27, 2026 · قومی

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عید الضحٰی کی نماز کی ادائیگی کے فوراً بعد سانحہ چمن پھاٹک کے متاثرین کے گھروں کا دورہ کیا اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کرکے ان سے دلی ہمدردی اور اظہار یکجہتی کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزراء، منتخب عوامی نمائندے اور اعلیٰ حکام بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور بلوچستان کے عوام اس غم کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ان افسوسناک واقعات میں شہید ہونے والے افراد پوری قوم کے ہیرو ہیں اور ہم اپنے شہداء کے مقدس خون کے مقروض ہیں جنہوں نے عوام اور وطن کی سلامتی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
میر سرفراز بگٹی نے یقین دہانی کرائی کہ سانحہ چمن پھاٹک کے متاثرین کے نقصانات کا مکمل ازالہ کیا جائے گا اور حکومت متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن معاونت جاری رکھے گی۔
اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان نے گزشتہ دو دہائیوں کے دوران دہشت گردی اور بدامنی کے متعدد واقعات کا سامنا کیا ہے 2002 کے بعد صوبے کے حالات خراب ہوئے اور جسٹس نواز مری کے قتل سمیت مختلف سانحات نے بلوچستان کے امن و استحکام کو متاثر کیا، تاہم تمام تر حالات کے باوجود بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ حوصلے، صبر اور استقامت کا مظاہرہ کیا۔