یوم تکبیر عہد وفا کا تہوار،قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد۔عسکری قیادت

پاکستان کی اسٹریٹجک صلاحیت ایک مقدس قومی امانت ہے۔ پیغام

May 28, 2026 · قومی

 

عسکری قیادت نے کہا ہے کہ یوم تکبیر عہد وفا کا تہوار ہے۔ پاک فوج کے سربراہ ، چیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل سید عاصم منیر، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے 28 ویں یوم تکبیر پر مسلح افواج کی طرف سے پاکستان کے عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔

 

عسکری سربراہان کا کہنا ہے کہ یومِ تکبیر ۲۸ مئی ۱۹۹۸ء کے تاریخی اقدام کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان نے جوہری طاقت کا درجہ حاصل کیا اور جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک توازن بحال کیا۔ یہ تاریخی سنگِ میل قوم کی یکجہتی، استقامت اور خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی وقار کے تحفظ کے لیے پختہ عزم کی علامت ہے۔

 

یہ تاریخی کامیابی ہمارے بصیرت افروز قیادت، سائنسدانوں اور انجینئروں کی قابلِ رشک خدمات، اور مسلح افواج کے ساتھ ساتھ پاکستانی عوام کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ پاکستان کی اسٹریٹجک صلاحیت ایک مقدس قومی امانت ہے اور خطے میں امن و استحکام، علاقائی سالمیت اور قابلِ اعتبار رکاوٹ (Deterrence) کی ضمانت ہے۔

 

پاکستان کی مسلح افواج مادرِ وطن کے دفاع کے لیے تمام خطرات کے خلاف اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتی ہیں اور قوم کی سلامتی واستحکام اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔

 

مسلح افواج کے سربراہوں نے مزید کہا کہ اس عظیم موقع پر، اللہ تعالیٰ کے سامنے عاجزی کے ساتھ جھک کر، پاکستانی قوم یکجہتی، مستعدی، استقامت اور ایک مضبوط و خوشحال پاکستان کے لیے پوری لگن کے ساتھ اپنا عہدِ وفا تازہ کرتی ہے۔

 

مسلح افواج پاکستان زندہ باد

پاکستان ہمیشہ پائندہ باد