مریم نواز کی اہم سرجری کیوں ہوئی، کینسر کی افواہیں مسترد
شریف میڈیکل سٹی ہسپتال میں آپریشن،، وزیرِ اعلیٰ پنجاب گھر منتقل
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی لاہور کے شریف میڈیکل سٹی ہسپتال میں ایک اہم اور بڑی سرجری کی گئی ہے۔ ڈاکٹروں کی جانب سے آپریشن کو کامیاب قرار دیے جانے کے بعد انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کر کے گھر منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں وہ ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق آرام کر رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کی اس اچانک سرجری کی بنیادی وجہ ان کے گلے اور تھائیرائڈ (Thyroid) کے پرانے طبی مسائل ہیں۔ مریم نواز ماضی میں بھی گلے کی شدید تکلیف اور تھائیرائڈ کی پیچیدگیوں کے باعث جنیوا اور لندن سے علاج کروا چکی ہیں۔ ڈاکٹروں کی حالیہ تشخیص کے بعد شریف میڈیکل سٹی ہسپتال میں یہ آپریشن ناگزیر قرار دیا گیا تھا۔
صوبائی حکومت اور وزراء نے سوشل میڈیا پر مریم نواز کی صحت کے حوالے سے پھیلنے والی کینسر کی افواہوں کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب اور وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے اپنے بیانات میں واضح کیا ہے کہ کینسر سے متعلق خبریں بالکل بے بنیاد اور گمراہ کن پروپیگنڈا ہیں، اور مریم نواز محض اپنے پرانے گلے کے عارضے کا علاج کروا رہی ہیں۔
نقاہت اور سرجری کے باوجود مریم نواز نے اپنے دفتری فرائض سے رابطہ نہیں توڑا۔ مریم اورنگزیب کے مطابق مریم نواز نے ہسپتال کے بیڈ سے ہی عید کے موقع پر صوبے بھر میں امن و امان، سیکیورٹی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کی خود براہِ راست نگرانی کی۔ اس وقت وہ اپنے گھر پر زیرِ علاج ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔