وزیراعظم شہباز شریف کااقوام متحدہ امن دستوں کے عالمی دن پر پیغام
پاکستان اقوام متحدہ کے امن دستوں کے لئےدیرینہ اور بڑے شراکت دار ممالک میں شامل ہے
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی امن کے قیام میں امن دستوں کے کردار کو نہایت موثر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن دستوں کے لئے سب سے دیرینہ اور بڑے شراکت دار ممالک میں شامل ہے۔
اقوام متحدہ امن دستوں کے عالمی دن جو آج منایا جا رہا ہے ، کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ آج پاکستان اقوام عالم کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ امن دستوں کے عالمی دن پر امن کے سپاہیوں کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ عالمی سطح پر ہر سال یہ دن دنیا کے جنگ زدہ علاقوں میں اقوام متحدہ کے پرچم تلے عسکری، پولیس اور سویلین دستوں کی خدمات اور قربانیوں کے اعتراف میں منایا جاتا ہے۔
اس سال یہ دن ’’امن کے فروغ میں سرمایہ کاری‘‘ کے عنوان سے منایا جا رہا ہے۔ یہ موضوع پائیدار عالمی امن اور انسانی جانوں کے تخفظ کے فروغ میں پرعزم سیاسی حمایت اور مالی معاونت کی کلیدی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن اقوام متحدہ کے پہلے امن مشن کے قیام کی یاد کو بھی تازہ کرتا ہے جس نے 1948ء میں فلسطین میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ امن دستوں کی تاریخ میں 20 لاکھ سے زیادہ مرد و خواتین 70 سے زائد امن مشنز میں خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن دستوں کے لئے سب سے دیرینہ اور بڑے شراکت دار ممالک میں شامل ہے۔ عالمی امن کے قیام اور تخفظ میں ان ممالک کا امن دستوں کےتوسط سے نہایت موثرکردار ہے۔ یہ کردار بلاشبہ اجتماعی طور پر امن کی ترجیح کا آئینہ دار ہے۔
وزیراعظم نے یاد دلایا کہ پاکستان 1960ء سے لے کراب تک 235000 اہلکاروں کے ساتھ 48 سے زائد امن دستوں میں اپنی خدمات پیش کر چکا ہے جن میں 500 سے زائد خواتین اہلکار بھی شامل ہیں۔