گلگت بلتستان انتخابات ، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 2 امیدواروں کو شوکاز نوٹس

ترقیاتی اور فلاحی اسکیموں کے اعلانات اور وعدےpr پیپلز پارٹی کے امیدوار عمران ندیم اور مسلم لیگ ن کے امیدوار طاہر شگری کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ۔

May 29, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

گلگلت: گلگت بلتستان کے حلقہ GBA-12 شگر میں انتخابی ضابطۂ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی پر ریٹرننگ آفیسر نے کارروائی کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار عمران ندیم اور مسلم لیگ ن کے امیدوار طاہر شگری کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے۔

نوٹس ریٹرننگ آفیسر فیصل حیات گوندل کی جانب سے جاری کیے گئے، جن میں دونوں امیدواروں پر عوامی اجتماعات میں ترقیاتی اور فلاحی اسکیموں کے اعلانات اور وعدے کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔نوٹس کے مطابق یہ عمل الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 181 اور متعلقہ انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔

ریٹرننگ آفیسر کے مطابق عمران ندیم نے مبینہ طور پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے تحت مستحقین کی رجسٹریشن کی سرگرمیوں کو انتخابی مہم کے ساتھ منسلک کیا۔دوسری جانب طاہر شگری پر باشہ یونین میں موبائل سگنل ٹاور کے قیام سے متعلق سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام لگایا گیا ہے۔

دونوں امیدواروں کو 24 گھنٹوں کے اندر تحریری جواب جمع کروانے اور وضاحت پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لانے کا عندیہ دیا گیا ہے۔