مودی کی پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی مہم ناکام ہوگئی۔عرب میڈیا

پاکستان نے سفارت کاری، علاقائی روابط اور عالمی تعلقات میں نمایاں پیش رفت حاصل کی

May 30, 2026 · قومی

عرب میڈیا نے اپنی ایک تجزیاتی رپورٹ میں پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کی ایک دہائی پر محیط مہم کو ناکام قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2016 میں پاکستان کو دنیا سے الگ تھلگ کرنے کا بھارتی اعلان مطلوبہ نتائج حاصل نہ کر سکا اور پاکستان آج بھی اہم عالمی و علاقائی طاقتوں کے ساتھ فعال تعلقات رکھتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نہ صرف امریکہ ، چین، ایران اور سعودی عرب کے ساتھ بیک وقت روابط برقرار رکھے ہوئے ہے بلکہ خطے کے اہم معاملات میں بھی مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔ 2025 کی پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھی پاکستان عالمی رائے عامہ اور سفارتی محاذ پر اپنی مؤقف کو مؤثر انداز میں پیش کرنے میں کامیاب رہا۔

عرب میڈیا کے مطابق پہلگام واقعے کے بعد پاکستان کے خلاف بھارتی الزامات کو عالمی سطح پر بغیر ثبوت تسلیم نہیں کیا گیا، جبکہ بھارتی حکومت کی جانب سے مسلسل تنقید کے باوجود پاکستانی عسکری قیادت کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی۔ رپورٹ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کا بھی حوالہ دیا گیا جس میں انہوں نے فیلڈ مارشل کو ’’غیر معمولی شخصیت‘‘ قرار دیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق معدنی وسائل، سرمایہ کاری کے مواقع اور متحرک سفارت کاری نے پاکستان کو امریکی پالیسی سازوں کی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔ اسی طرح پاکستان اور چین کے مضبوط تعلقات خطے میں ایک اہم حقیقت بن چکے ہیں جبکہ بنگلا دیش کے ساتھ تعلقات میں بھی نمایاں بہتری دیکھی جا رہی ہے۔

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان خلیجی ممالک کے لیے ایک ابھرتے ہوئے سیکیورٹی شراکت دار کے طور پر سامنے آ رہا ہے، جبکہ مودی حکومت کی مسلم مخالف پالیسیوں نے بھارت کی عالمی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے۔