دو بحری جہازوں کا حادثہ کراچی بندرگاہ کی حدود سےباہر ہوا۔وزیربحری امور

حادثے میں کوئی جانی نقصان یا کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی

May 30, 2026 · قومی

وفاقی وزیرِ بحری امور جنید انوار چوہدری نے کراچی پورٹ کے قریب بحری حادثے کے حوالے سے وضاحت کی ہے کہ یہ حادثہ کراچی بندرگاہ کی حدود کے باہر رونما ہوا، جس کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ بندرگاہ پر بر وقت ردِعمل اور مؤثر انتظامات پر عملے کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، 2 غیر ملکی بحری جہازوں کے درمیان حادثے میں کوئی جانی نقصان یا کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

ان کا کہنا ہے کہ حادثہ 28 مئی کی شب کراچی پورٹ کے قریب دونوں جہازوں کے ماسٹرز کی غفلت کے باعث پیش آیا، متاثرہ کیبل بچھانے والے جہاز کو کے پی ٹی ٹگس کی مدد سے بحفاظت بندرگاہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

جنید انوار کا کہنا ہے کہ بحری حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، حکومت اور متعلقہ ادارے بحری سلامتی یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر متحرک ہیں۔

علاوہ ازیں چیئرمین کراچی پورٹ کا کہنا ہے کہ کراچی پورٹ پر بحری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی پورٹ کے داخلی راستے کے قریب فیئر وے بوائے کے باہر 2 جہاز ایم وی نیوا (متحدہ عرب امارات پرچم بردار) اور ایم وی پاپو (لائبیریا پرچم بردار) جمعرات کو رات تقریباً 8 بجے آپس میں ٹکرا گئے تھے۔