بجٹ 2026-27: سولر پینلز، ہائبرڈ اور الیکٹرک گاڑیوں پر ٹیکس بڑھانے کی تجویز

پیداواری لاگت کم کرنے کے لیے ٹیکسوں کے ساتھ ساتھ بجلی اور گیس کے نرخوں میں بھی کمی کی جائے۔

May 30, 2026 · قومی

نئے مالی سال کے بجٹ میں ٹیکسوں میں ممکنہ اضافے کے باعث سولر پینلز، الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیوں کی قیمتیں بڑھنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ بجٹ تجاویز پر جاری مشاورت کے دوران مختلف شعبوں پر عائد ٹیکسوں میں ردوبدل زیر غور ہے۔

نجی ٹی وی   کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی ادارے نے مختلف شعبوں کے لیے ٹیکس رعایتوں کی حمایت نہیں کی۔ اسی تناظر میں الیکٹرک گاڑیوں پر جنرل سیلز ٹیکس میں اضافے کی تجویز سامنے آئی ہے، جبکہ ہائبرڈ گاڑیوں پر بھی ٹیکس کی شرح بڑھانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

مجوزہ سفارشات میں سولر پینلز پر سیلز ٹیکس کی شرح میں اضافے کی تجویز بھی شامل ہے۔ اگر یہ تجاویز منظور ہو جاتی ہیں تو الیکٹرک کاروں، موٹر سائیکلوں، رکشوں، بسوں، ٹرکوں اور دیگر ماحول دوست گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ اسی طرح الیکٹرک پک اپ، ٹریکٹر اور ڈبل کیبن گاڑیوں پر بھی اضافی ٹیکس عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب ٹیکسٹائل صنعت نے حکومت سے اپنے واجب الادا ری فنڈز کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔ صنعتکاروں کا مؤقف ہے کہ پیداواری لاگت کم کرنے کے لیے ٹیکسوں کے ساتھ ساتھ بجلی اور گیس کے نرخوں میں بھی کمی کی جائے۔

نجی ٹی وی کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر برآمدی شعبے کے بعض مطالبات تسلیم کر لیے جاتے ہیں تو برآمد کنندگان کو مالی ریلیف مل سکتا ہے، تاہم فی الحال برآمدی صنعت کے لیے کسی بڑے ریلیف پیکیج کے امکانات محدود دکھائی دیتے ہیں۔