صومالی قزاقوں کے ہاتھوں اغوا پاکستانی امین بن شمس کی اہلیہ کا ویڈیو پیغام جاری

اہلخانہ مختلف اداروں سے رابطے، میڈیا گفتگو اور احتجاج بھی کر چکے ہیں، تاہم اب تک انہیں کوئی واضح پیش رفت یا تسلی نہیں دی گئی۔

May 30, 2026 · قومی
 صومالی قزاقوں کے ہاتھوں اغوا پاکستانی امین بن شمس کی اہلیہ کا ویڈیو پیغام جاری

 صومالی قزاقوں کے ہاتھوں اغوا پاکستانی امین بن شمس کی اہلیہ کا ویڈیو پیغام جاری

صومالی قزاقوں کے ہاتھوں اغوا پاکستانیوں کی رہائی کے لیے اہلخانہ کی اپیل، امین بن شمس کی اہلیہ کا ویڈیو پیغام سامنے آگیا

کراچی: صومالی قزاقوں کے ہاتھوں اغوا کیے گئے پاکستانی شہریوں کی رہائی کے لیے اہلخانہ کی جانب سے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں مغوی پاکستانی امین بن شمس کی اہلیہ نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے اپنے شوہر سمیت تمام مغویوں کی بحفاظت واپسی کی اپیل کی ہے۔

عائشہ امین نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کے شوہر سمیت 10 پاکستانیوں کے اغوا کو 40 روز سے زائد ہو چکے ہیں، اور اس دوران اہلخانہ شدید ذہنی اذیت، بے چینی اور انتظار کی کیفیت سے گزر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اہلخانہ مختلف اداروں سے رابطے، میڈیا گفتگو اور احتجاج بھی کر چکے ہیں، تاہم اب تک انہیں کوئی واضح پیش رفت یا تسلی نہیں دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ اغوا شدگان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے اور انہیں خوراک اور پانی کی کمی سمیت کئی مشکلات کا سامنا ہے، جس پر اہلخانہ کو شدید تشویش لاحق ہے۔

عائشہ امین نے وزیراعظم، وزیر خارجہ، وزیر داخلہ اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ مغوی پاکستانیوں کی جلد اور محفوظ بازیابی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کی پریشانی ختم ہو سکے۔