تمباکو کے خطرات سے نسلوں کا تحفظ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔صدر آصف زرداری

تمباکو کی مصنوعات صحت اور معیشت کے لیے سنگین خطرات کا باعث ہیں

May 31, 2026 · قومی

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہےتمباکو کی مصنوعات صحت اور معیشت کے لیے سنگین خطرات کا باعث ہیں، موجودہ اور آنے والی نسلوں کو تمباکو کی مصنوعات کے نقصانات سے بچانا اجتماعی ذمہ داری ہے،نوجوانوں کو نشے کی لت لگانے والوں اور موت کے سوداگروں کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کےلئے قانون سازی اور موثر نفاذ ضروری ہے۔
عالمی یومِ انسدادِ تمباکو نوشی کے موقع پر جاری پیغام میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ تمباکو کے صحت کے لیے نقصانات کی طرف پہلی بار توجہ مبذول کرانے والی ابتدائی تحریروں کو اب لگ بھگ چار سو سال گزر چکے ہیں۔

کئی دہائیوں سے سائنسی اور طبی برادری میں اس بات پر پختہ اتفاقِ رائے پایا جاتا ہے کہ تمباکو کی مصنوعات صحت اور معیشت کے لیے سنگین خطرات کا باعث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں یکے بعد دیگرے آنے والی حکومتوں نے سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر تمباکو کے استعمال کو کم کرنے کے لیے قوانین اور آگاہی کے ذریعے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ اس کے باوجود، یہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں عوامی صحت اور معاشی فلاح و بہبود کے لیے ایک سنگین خطرہ بنا ہوا ہے۔