چلاس:بابوسر روڈ تین روز کے لیے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند
زیرو پوائنٹ، بابوسر اور لولوسر کے درمیان ہر قسم کی آمدورفت مکمل طور پر معطل رہے گی۔
چلاس میں بابوسر روڈ کو عارضی طور پر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ گلگت بلتستان پولیس کے ترجمان کے مطابق شاہراہ کو دو رویہ بنانے کے لیے بابوسر ٹاپ اور گیٹی داس کے علاقوں میں برف اور ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ بابوسر روٹ اتوار 31 مئی سے منگل 2 جون 2026 تک بند رہے گا۔ اس دوران زیرو پوائنٹ، بابوسر اور لولوسر کے درمیان ہر قسم کی آمدورفت مکمل طور پر معطل رہے گی۔
پولیس نے مسافروں، سیاحوں اور ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے متبادل راستے اختیار کریں۔ ساتھ ہی شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اپنی سفری منصوبہ بندی موجودہ صورتحال کے مطابق ترتیب دیں۔
ترجمان کے مطابق سڑک کی صفائی اور بحالی کا کام محفوظ اور مؤثر انداز میں مکمل کرنے کے لیے بابوسر شاہراہ کو عارضی طور پر بند رکھا جائے گا۔