بجٹ میں متعدد اشیا سستی ہونے کا امکان، اہم تفصیلات سامنے آگئیں

بجٹ میں برآمدی صنعت سے وابستہ سیکڑوں خام مال سستا ہو سکتا ہے، جس سے پیداواری لاگت میں کمی اور صنعت کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔

May 31, 2026 · قومی

اسلام آباد: آئندہ مالی سال کے بجٹ میں مختلف درآمدی اشیا، صنعتی خام مال اور مشینری پر ٹیکس اور ڈیوٹیز میں کمی کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے کئی شعبوں کو ریلیف مل سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نئے بجٹ میں متعدد درآمدی اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹی اور اضافی کسٹم ڈیوٹی کم کرنے پر غور کر رہی ہے۔ امپورٹڈ گاڑیوں پر بھی ڈیوٹی میں کمی کی تجویز زیر غور ہے، جس سے قیمتوں میں کمی آ سکتی ہے۔

ایکسپورٹ انڈسٹری کے لیے استعمال ہونے والے خام مال پر ٹیرف میں کمی متوقع ہے، جبکہ ٹیلی کام شعبے میں فائیو جی سے متعلق مشینری اور آلات پر بھی ٹیکس کم کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ میں برآمدی صنعت سے وابستہ سیکڑوں خام مال سستا ہو سکتا ہے، جس سے پیداواری لاگت میں کمی اور صنعت کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔

حکومت کی جانب سے نیشنل ٹیرف پالیسی کا مسودہ بھی تیار کیا گیا ہے، جس کے تحت مختلف شعبوں میں ٹیرف میں ردوبدل کیا جا سکتا ہے تاکہ مقامی صنعت کو مسابقت کے قابل بنایا جا سکے۔

اطلاعات کے مطابق ہزاروں ٹیرف لائنز پر اضافی کسٹم ڈیوٹی اور ریگولیٹری ڈیوٹی میں کمی زیر غور ہے، جبکہ زرعی شعبے کے لیے درآمدی خام مال، زرعی آلات، مشینری اور پرزہ جات پر بھی ٹیکس کم کیے جانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔

اس کے علاوہ الیکٹرک گاڑیوں اور بائیکس کے پلانٹس میں استعمال ہونے والی مشینری اور آلات پر بھی اضافی کسٹم ڈیوٹی میں کمی متوقع ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر یہ تجاویز بجٹ کا حصہ بنتی ہیں تو مختلف شعبوں میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ اور بعض اشیا کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آ سکتی ہے۔